منہاس, حبیب اللہ
PhD
University of Sindh
Jamshoro
Sindh
Pakistan
2008
Completed
Islamic studies
Urdu
http://prr.hec.gov.pk/jspui/bitstream/123456789/8668/1/4415H.pdf
2021-02-17 19:49:13
2023-04-09 11:59:24
1676725346943
شریمتی اندرا گاندھی
شریمتی گاندھی اب اس دنیائے فانی میں نہیں رہیں، کچھ نادان، وطن دشمن اور ناعاقبت اندیش مردوں کے پستول اور اسٹن گن سے نہیں، بلکہ ان کی بے رحمی، بے دردی اور سفاکی کی گولیوں کا نشانہ بنیں اور امر ہوکر سب سے رخصت ہوگئیں۔
دو مردوں نے ایک ۶۷ سالہ عورت کو اپنی بائیس گولیوں کا نشانہ نہیں بنایا بلکہ دنیا کے تمام مردوں کے مردانہ پن کی تذلیل کی، انسانیت کی گردن شرم سے جھکادی اور وطن کی ناموس خاک میں ملادی، مگر خود شریمتی اندرا گاندھی کی عظمت، جلالت اور صولت میں چار چاند لگادیا، ان کی وفات اپنی فطری موت سے ہوتی تو ان کی عزت، مقبولیت اور محبوبیت میں اتنا اضافہ نہ ہوتا جتنا کہ اب ہوا، گلابوں اور سورج مکھیوں سے لدی ہوئی ان کی ارتھی بحری، ہوائی اور برّی لشکریوں کے دستوں کی معیت اور لاکھوں عقیدت مندوں کے جلو میں روانہ ہوئی، تو ایسا معلوم ہورہا تھا کہ پنڈت جواہر لال نہرو کی لاڈلی، ہندوستان کی بیٹی اور سیاست کی دیوی اپنے میکے سے فنا کی سہاگن بنی ہوئی بے پناہ آنسوؤں کا جہیز لے کر وداع ہورہی ہے، سو سے زیادہ ملکوں کے ممتاز نمائندے ان کے احترام میں جھکے ہوئے تھے، مردوں اور عورتوں کا بے پناہ سوگوار ہجوم زبان حال سے کہہ رہا تھا کہ ہندوستان کی فضا پر جب تک سورج کی روشنی چمکتی رہے گی، چاند کی چاندنی پھیلتی رہے گی اور شبنم کے قطرے یہاں کے پھولوں کو تازہ اور شاداب کرتے رہیں گے، ہندوستان کی تاریخ میں شریمتی اندرا گاندھی کا نام باقی رہے گا۔
کچھ سیاسی شخصیتیں ایسی ہوتی ہیں جو زمانہ کے سپرد ہوجاتی ہیں، مگر کچھ سیاسی شخصیتیں ایسی بھی ہوتی ہیں جن کے سپرد زمانہ ہوجاتا ہے، اندرا گاندھی کی شخصیت ایسی تھی جس کے...