Saleem Ahmed
Institute for Educational Development, Karachi
MEd
Aga Khan University
Private
Karachi
Sindh
Pakistan
2005
Completed
Education
English
2021-02-17 19:49:13
2024-03-24 20:25:49
1676727992075
سرشاہ محمد سلیمان
سخت افسوس ہے کہ ۱۳/مارچ کی شب میں بارہ بجے کے قریب ہندوستان کے آسمان علم وفضل کا ایک روشن ستارہ جسے لوگ سرشاہ محمدسلیمان کے نام سے جانتے تھے یکایک موت کے آغوش میں گر کر قیامت تک کے لیے غروب ہو گیا۔سرشاہ محمد سلیمان مرحوم اپنی ذہانت وطباعی اوراعلیٰ قانونی وعلمی قابلیت و لیاقت کے باعث جس طرح سرزمین ہند کے لیے مایۂ صد افتخارونازش تھے۔اسی طرح اپنے سچے اورپکے مذہبی معتقدات واعمال کی وجہ سے آج کل کے انگریزی تعلیم یافتہ لوگوں کے لیے باعث ہزار عبرت وموعظت بھی تھے۔ دل اور دماغ دونوں کی اچھائیاں بیک وقت بہت کم لوگوں میں جمع ہوتی ہیں۔مرحوم ان دونوں قسم کی خوبیوں کاایک ایسا مجموعۂ دل افروز تھے جس کی یاد برسوں تک ہندوستان کے ارباب علم وفضل کوخون کے آنسو رلائے گی۔
سرشاہ محمد سلیمان مرحوم ۳/فروری ۱۸۸۶ء کوجون پور کے ایک سید گھرانے میں پید ا ہوئے۔ابتدائی تعلیم یہیں پائی۔میٹرک پاس کرنے کے بعد الہٰ آباد کے میورسنٹرل کالج میں داخل کیے گئے۔۱۹۰۶ء میں بی اے کا امتحان پاس کیا اور تمام صوبہ میں اوّل رہے۔اس امتیاز کی بناپر انہیں اعلیٰ تعلیم کے لیے گورنمنٹ سے وظیفہ ملااورآپ ہندوستان کوالوداع کہہ کرکیمبرج کے کرائسٹ چرچ کالج میں داخل ہوگئے۔۱۹۰۹ء میں ریاضیات کا اعلیٰ امتحان (Tripos) پاس کیا اور پھر ۱۹۱۰ء میں بیرسٹری شروع کی۔جس میں اُنہوں نے بہت جلد نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔۱۹۲۰ء میں اُن کو الہٰ آباد ہائیکورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔۱۹۲۸ء اور ۱۹۲۹ء میں وہ عارضی چیف جج کی حیثیت سے کام کرتے رہے۔ ۱۶/ مارچ ۱۹۳۲ء کوانہیں مستقل چیف جسٹس کردیا گیا۔پھر جب فیڈرل کورٹ قائم کی گئی تو وہ اُس کے جج بنا کردہلی بھیج دیے گئے اوربالآخر ۱۳/مارچ کی شب میں یہیں جان جاں آفریں کے سپرد کرکے نظام الدین اولیاء میں ایک مقام پرجو...