Faisal Arif Sukhera
Department of English
PhD
National University of Modern Languages
Public
Islamabad
Islamabad
Pakistan
2016
English Language
English
2021-02-17 19:49:13
2024-03-24 20:25:49
1676728729454
پروفیسر نجم الاسلام
پروفسر نجم الاسلام ۱۳؍ فروری ۲۰۰۱ء کو لطیف آباد سندھ حیدرآباد میں وفات پاگئے۔ اناﷲ وانا الیہ راجعون۔
مرحوم کی پیدائش ۱۹۳۳ء میں بجنور میں ہوئی تھی۔ میرٹھ کالج سے بی۔اے کیا اور یہیں سے حفیظ میرٹھی وغیرہ کے اشتراک سے ’’معیار‘‘ کے نام سے ایک ادبی ماہنامہ نکالا جس نے چند برسوں کے بعد دم توڑ دیا مگر تعمیری ادب کے نقوش چھوڑ گیا۔ انھوں نے اس میں چھپنے والے افسانوں اور ڈراموں کا ایک انتخاب ’’ابھرتی کرنیں‘‘ کے نام سے شائع کیا تھا۔
پاکستان جانے کے بعد انہوں نے سندھ یونیورسٹی سے ایم۔اے کیا اور ’’شمالی ہند کی قدیم اردو نثر‘‘ کے موضوع پر اردو فارسی کے مشہور فاضل اور ممتاز محقق پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفےٰ کی نگرانی میں ڈاکٹریٹ کا مقالہ لکھا، ان کے ریٹائر ہونے کے بعد نجم الاسلام صاحب شعبہ اردو کے سربراہ مقرر ہوئے۔
سندھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی جانب سے ۱۹۶۱ء میں انھوں نے ’’صریر خامہ‘‘ کے نام سے ایک ادبی مجلہ جاری کیا، ۱۹۸۷ء میں ان کی ادارت میں اسی شعبہ سے ایک معیاری اور بلند پایہ مجلہ ’’تحقیق‘‘ نکلا، جس نے ہندوستان و پاکستان کے بعض ممتاز محققین کے گوشے بھی شائع کئے، اس مجلہ میں راقم اپنے بعض پرانے مضامین دیکھ کر دنگ رہ گیا کہ وہ کہاں کہاں سے ڈھونڈ ڈھونڈ کر مضامین شائع کرتے تھے۔
خدا کرے یہ بلند پایہ مجلہ ان کے بعد بھی جاری رہے، مرحوم کی کئی کتابیں بھی چھپی ہیں ’’مطالعات‘‘ ان کے تحقیقی مضامین کا مجموعہ ہے۔ اﷲ تعالیٰ انہیں غریق رحمت کرے، آمین! (ضیاء الدین اصلاحی، مئی ۲۰۰۱ء)