Rehman, Shazia
PhD
Quaid-I-Azam University
Islamabad
Islamabad.
Pakistan
2018
Completed
Applied Sciences
English
http://prr.hec.gov.pk/jspui/bitstream/123456789/9087/1/Shazia_Rehman_Plant_Sciences_2018_HSR_QAU_11.05.2018.pdf
2021-02-17 19:49:13
2024-03-24 20:25:49
1676726245707
ڈاکٹر اسحق مرحوم
کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں، جو نام و نمود کے لیے سرگرداں رہتے ہیں، لیکن یہ ان سے گریزاں رہتی ہے، کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اس کے خواہاں تو نہیں ہوتے لیکن یہ ان کے پیچھے لگی رہتی ہے اور وہ نہ صرف اپنے معاصروں اورہم چشموں میں عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں بلکہ اپنی وفات کے بعد بھی محبت سے یاد کیے جاتے ہیں، ڈاکٹر محمد اسحق (جن کو مرحوم لکھتے وقت دلی رنج ہوتا ہے) ایسے ہی لوگوں میں تھے۔
وہ ۱۲؍ ستمبر ۱۹۶۹ء کو کلکتہ میں حرکت قلب کے بند ہوجانے سے اﷲ کو پیارے ہوئے، ان کا کوئی سوانح نگار ان کے سوانح حیات لکھنے بیٹھے تو ان کی روداد زندگی کو طویل اور ضخیم تو نہیں بناسکتا لیکن ان کے کارنامے کچھ ایسے ہیں جن کو قلمبند کرنے میں ان کی روداد حیات اگر طویل نہیں ہوسکتی ہے تو دلنشین ضرور ہوجائے گی۔
وہ کلکتہ میں ۱۸۹۸ء میں پیدا ہوئے، وہاں کے مدرسہ عالیہ اور ہیر اسکول میں تعلیم پائی، پھر اسکاٹش چرچ کالج سے ۱۹۲۱ء میں بی ایس سی کیا، سائنس کی تعلیم پانے کے بعد ایم، اے میں عربی لے لی، ۱۹۲۳ء میں کلکتہ یونیورسٹی سے اس مضمون میں فرسٹ کلاس پایا، ۱۹۲۴ء میں ڈھاکہ یونیورسٹی میں عربی اور اسلامیات کے لکچرار مقرر ہوئے، ۱۹۲۶ء میں کلکتہ اسلامیہ کالج میں عربی و فارسی دونوں مضامین کے لکچرار ہوکر اپنے مولد واپس آگئے، ۱۹۲۷ء میں کلکتہ یونیورسٹی کے لکچرار ہوگئے، جہاں ۳۳ سال کی خدمت کے بعد اسی یونیورسٹی سے عربی اور فارسی کے ریڈر اور صدر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے۔ ان کے علمی ذوق کے تنوع کا اندازہ اس سے ہوگا کہ سائنس کی تعلیم پانے کے باوجود عربی اور فارسی کا ذوق بہت اچھا رکھتے تھے، عربی میں ایم،اے کی...